انگلش پریمیئر لیگ: ٹوٹنہم کی بڑی فتح، ایورٹن کو2-6سے ہرادیا
لندن: انگلش پریمیئر لیگ میں ٹوٹنہم کی بڑی فتح نے ٹائٹل کے حصول کے لئے اس کی کوشش کو نئی جلا بخشی ہے اور وہ لیور پول اور مانچسٹر سٹی کے ساتھ چیمپیئن بننے کی دوڑ میں شریک ہو گئی ۔ ایورٹن کے خلاف میچ میں ٹوٹنہم نے2کے مقابلے میں6گول کئے اور4گول کے بڑے فرق سے کامیابی سمیٹتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن سنبھا لنے میں کامیاب ہو گئی ۔ ایورٹن کی جانب کئے جانے والے گول والکوٹ اور سگرڈسن کے حصے میں آئے ۔ والکوٹ نے 20ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جسے ٹوٹنہم کے کورین فٹبالر سون ہیونگ نے7منٹ کے بعد برابر کردیا ۔پہلا ہاف ختم ہونے سے پہلے ڈیلی ایلی اور ہیری کین نے مزید2گول کرکے ٹوٹنہم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں ایرکسن نے ایک اور گول کر دیا یوں ٹوٹنہم کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ۔ سگرڈسن نے ایورٹن کے لئے خسارہ کم کیا لیکن ان کی دفاعی لائن ہیری کین اور ڈیلی ایلی کو نہیں روک پائی اور دونوں نے دوسرا اور ٹیم کا پانچواں اور چھٹا گول کرکے ایورٹن کی واپسی کا راستہ بند کردیا ۔میچ6-2سے ٹوٹنہم کے حق میں ختم ہوا اور انگلش کلب اب 42پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ مانچسٹر سٹی 44اور لیور پول 48پوائنٹس کے ساتھ ابتدائی دونوں پوزیشنوں پر براجمان ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں