لاہور: کراچی کا رہائشی ہند کی قید سے آزاد ہوکر آج پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق 36 سالہ عمران وارثی 2003ءمیں ہند گیا تھا جہاں اس نے اپنی رشتے دار لڑکی سے شادی کرلی اور پھر وہیں رہنے لگا تھا۔ بعد ازان 2007ءمیں مخبری پر عمران وارثی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ عمران وارثی کے 2 بچے وہیں ہند میں پیدا ہوئے۔ ہند کی ایجنسیوں نے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے عمران وارثی کو سزا دلوائی اور وہ 10 سال جیل میں رہا جس کے بعد رواں برس 19 جنوری کو عمران وارثی کی سزا مکمل ہو گئی تھی، تاہم اسے آج رہا کرکے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان بھیجا جائے گا۔