لاہور: نیب کی جانب سے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کے دوران ن لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو سپریم کورٹ میں پیش کردیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر سربراہی 3 رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کی۔ عدالتی بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر ریلوے کو عدالت میں پیش کردیا ہے جبکہ موجودہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی آج عدالت میں پیش ہوں گے۔ قبل ازیں چیف جسٹس نے پاکستان ریلوے میں اربوں روپے کے خسارے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔ جن پر نجی سوسائٹی کے قیام کے لیے غیر قانونی ذرائع سے زمین حاصل کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے ۔