کراچی: ایم کیو ایم کے گزشتہ روز قتل ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا کردی گئی جس میں سیاسی رہنماؤں سمیت عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی گولیوں سے نشانہ بننے والے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما کی نماز جنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان نے علی رضا عابدی کے قتل پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا تھا کہ علی رضا عابدی مہاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں میںمصروف تھے، یہ پتا چلانا ہوگا کہ انہیں دھمکیاں کون دے رہا تھا۔
واضح رہے کہ علی رضا عابدی کوگزشتہ روز ڈیفنس کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گولیاں مار دی تھیں جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔اُدھر ایم کیوایم پاکستان کے رہنما سید سرداراحمد نے واقعے کو گہری سازش قرار دیا ہے۔