پالک کو پکا کر کھانے کا فائدہ ؟
جمعرات 27 دسمبر 2018 3:00
لندن۔۔۔ قدرت نے سبزیوں اور ترکاریوں میں بے پناہ خصوصیات اور طاقت رکھ دی ہے اور ان چیزوں میں ساگ سمجھی جانی والی ہری پتیاں بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی تازہ ترین تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت سے لوگ پالک کو اسکی خصوصیات اور اسکے اندر موجود حیاتین کے خزانے کی وجہ سے بہت پسند کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسی سبزی ہے جسے نہ صرف ساگ کے طور پر الگ سے پکایا اور کھایا جاتا ہے بلکہ گوشت اور مچھلی میں ملا کر بھی سالن تیار کیا جاتا ہے۔ لوگ اس قسم کے سالن کھا کر بیحد خوش ہوتے ہیں مگر سائنسدانوں کا کہناہے کہ مختلف ساگوں بالخصوص پالک کو پکا کر کھانے میں کوئی فائدہ نہیں کیونکہ جیسے ہی پالک گرم ہوتا ہے اس کے اندر موجود خاص قسم کے وٹامن ”لوٹین“ ضائع ہوجاتا ہے اور یہی وہ وٹامن ہے جسے دل ، دماغ اور آنت کی صحت کیلئے انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ بہتر یہی ہے کہ اسے پکائے بغیر کھایا جائے اور اگر ہرے تازہ پالک کو دیسی روغنیات مثلا دہی وغیرہ کیساتھ کھایا جائے تو اسکے اینٹی آکسیڈنٹ خواص میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ لوٹین کی نمایاں بات یہ ہے کہ یہ ذرا سی بھی گرمی برداشت نہیں کرپاتی۔