اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کے لیے نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے ایک اپیل تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں دی گئی 7 سال قید کی سزا کو بڑھایا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، اور اس کی سزاکم ہوئی ہے جبکہ استغاثہ نے کیس کو ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد بھی پیش کیے۔ ذرائع کے مطابق نیب کے اعلیٰ حکام سے منظوری کے بعد آئندہ ہفتے اپیل دائر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کردیا تھا جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے کے علاوہ 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا کا حکم سنایا تھا۔