Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ای سی ایل سے نام نکالا جائے ،راو انوار کی درخواست

اسلام آبا د...سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار نے ایگزیٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج کرنے کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں راو انوار نے موقف اپنایا کہ مقدمے کی سماعت جاری ہے اور وہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔ مقدمات میں ضمانت کے باوجود ای سی ایل میں نام شامل ہے۔راو انوار نے عدالت سے کہا کہ عمرے کی ادائیگی کے لئے جانا چاہتا ہوں۔ ای سی ایل سے نام نکالا جائے۔ درخواست میں وفاقی اور سندھ حکومت کو فریق بنایا گیا اور کہا گیا کہ 23 جنوری 2018 کے حکم نامے کے بعد نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ درخواست میں سوال کیا گیا کہ کیا قانونی کارروائی جاری رہنے کے دوران ایک شہری ہونے کے نا تے میری آمدورفت کو محدود کیا جاسکتا ہے ؟۔راو انوار نے موقف اپنایا کہ ان کے بچے ملک سے باہر رہائش پذیر ہیں وہ پاکستان نہیں آسکتے، انہیں اوران کے اہل خانہ کو جان کا خطرہ ہے۔ بحیثیت والد بچوں کے حقوق ادا کرنے ہیں، اس لئے ملک سے باہر جانا ضروری ہوگیا ۔راو انوار نے کہا کہ بیان حلفی د یتا ہوں کہ ملک سے باہر ہونے کے باوجود ٹرائل کورٹ میں پیش ہوتے ر ہوں گا اور بیرون ملک جانے سے ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئےگی۔

شیئر: