لکھنؤ۔۔۔ حکمراں بی جے پی کی معاون پارٹی اپنادل اوربی جے پی میں بات بنتی نظرنہیں آرہی۔ آج پھر اپنادل کی لیڈر اورممبرپارلیمنٹ ومرکزی وزیرمملکت مسز انوپریا پٹیل نے اپنے ورکرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ بی جے پی کے کسی پروگرام میں ہرگزشامل نہ ہوں۔ اسی طرح اپنے پارٹی کے ممبران اسمبلی وکونسل کو مشورہ دیا ہے کہ ریاستی حکومت کے کسی جلسے یا پروگرام میں بالکل نہ جائیں ۔حکومت سے اپنی دوری برقرار رکھیں ۔ اپنادل کے اس حکم کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر مہندرناتھ پانڈے نے صفائی دی ہے کہ اپنادل کے لوگ ناحق بی جے پی سے دور بھاگ رہے ہیں جبکہ اپنادل سے ہمارے رشتہ بہت خوشگوار ہیں ۔ انوپریا پٹیل کی ہی کہنے پر ان کے شوہر کو قانون ساز کونسل کاممبربنایاگیاتھا۔اسی کو نظرانداز کرنے کی بات محض غلط فہمی ہے یاکسی نے غلط رپورٹ دے کر اپنادل کو بھڑکانے کی کوشش کی ہے۔