سلیکٹڈ وزیر اعظم مشرف ہی سے سبق سیکھ لیں‘ ترجمان بلاول
کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اپنے فیصلے سے ثابت کردیا ہے کہ ملک میں احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا پی ٹی آئی کی حکومت کا اعتراف شکست ہے۔ بلاول بھٹو کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ کا نام ای سی ایل میں آ سکتا ہے تو وزیر اعظم کا کیوں نہیں؟ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کرپشن کے الزامات کی نیب تحقیقات کر رہا ہے ، جن وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کے الزامات ہیں ان کے نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالے جا رہے؟ مصطفی نواز کھرکھو نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے لگتا ہے کہ عمران خان کو گھر جانے کی جلدی ہے، خان صاحب ضیا الحق کا ادھورا خواب پورا کرنے کے لیے آمرانہ اقدام پر اتر آئے ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم زندہ آمر مشرف کا ہی حال دیکھ کر سبق حاصل کریں۔ بلاول بھٹو کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ خان صاحب اداروں کے پیچھے چھپ کر وار کر رہے ہیں، ان میں ہمت ہے تو کھل کر سامنے آئیں۔ ہم ماضی میں بھی سرخرو ہوئے ہیں اور یہ جنگ بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔