”کوئی ڈرا سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے“
خان گڑھ: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں اردو میں اس لیے بات کرتا ہوں کہ اسلام آباد میں گونگے، بہرے اور اندھے لوگ رہتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق خان گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے مزید کہا کہ ہم نے اٹھارہویں ترمیم میں صوبوں کو ان کا حق دیا۔ ذرائع کے مطابق جلسے سے خطاب کے لیے سابق صدر آصف زرداری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے خان گڑھ پہنچے جہاں انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سوال کیا کہ گھوٹکی کا کیا قصور ہے کہ اس کا حق اس کو نہیں ملتا؟ میری کوئلے کی کانیں نہیں ہیں، ہم نے کوئلے کی کانیں غریبوں کی ملکیت بنا دیں۔ ہم تو جیت کر بھی اپوزیشن میں رہتے ہیں، کسی چیز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں؟ بات نکلے گی تو دور تک جائے گی۔ آپ کی قیادت کو کوئی ڈرا سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے۔