پاکستان میں باکسنگ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے،پروفیشنل باکسر محمد علی
لاہور:ذیابیطس کے مریض پاکستان نژاد برطانوی پروفیشنل باکسر محمدعلی نے کہا ہے پاکستان باکسنگ کا ورلڈ چیمپیئن بن سکتا ہے۔ محمد علی کا کہنا تھا کہ سہولتوں کے فقدان ، سیاسی مداخلت ، اقرباء پروری کی وجہ پاکستان میں باکسنگ کاٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں موجود باکسنگ کے ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرکے دنیا کے بہترین باکسنگ کوچز کی زیر نگرانی تربیت فراہم کی جائے تو پاکستان ہاکی ،کرکٹ ، اسنوکر اور اسکواش کی طرح باکسنگ کے کھیل کا بھی ورلڈ چیمپیئن بن سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بھی پاکستان کا پرچم بلند رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں ان کھیلوں کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کےلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ملک بھر میں اسپورٹس کلچر پروان چڑھانے کےلئے کھیلوں کا بنیادی انفرااسٹریکچر عالمی معیار کے مطابق نئے سرے سے تعمیر کرنے سمیت کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرنا ہو گا کیونکہ فکر معاش سے آزاد کھلاڑی ہی بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر میڈلز جیت کر اپنا اور ملک کا نام روشن کرتا ہے۔ پابندی کا شکار رہنے والے محمد علی نے کہا کہ میں نے رواں برس مئی میں باکسنگ کی اجازت ملنے کے بعد سے3 فائٹس کی ہیں اور تینوں میں حریف باکسرز کو شکست دے چکا ہوں، ورلڈ ٹائٹل کیلئے 2020 ءتک مشکل حریف کو چیلنج دوں گا کیونکہ میں دنیا کا پہلا ڈائبیٹک باکسنگ چیمپیئن بننا چاہتا ہوں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں