پنوں عاقل: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حالات انتہائی قابل رحم ہیں۔ یہاں سڑکوں اور اسپتالوں کا برا حال ہے جبکہ صحت و تعلیم سمیت دیگر ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے صوبائی حکومت اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ اس ٹولے کا حصہ ہیں جس نے قوم کا پیسہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر ملک کو کنگال کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے پیسے نکلوانے کا وقت آ چکا ہے۔ لٹیروں نے پیسے ملک سے باہر بھیجے ہیں۔ حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ناکام نہیں ہوئی۔ گزشتہ 4ماہ میں بہتر کام کرکے دکھایا ہے جس کے اثرات بہت جلد سامنے آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پرامید رہیں، آنے والا وقت بہت اچھا ہوگا۔