اسلام آباد: پاکستان اور ہند کی سرحدی لائن آف کنٹرول پر ہند کی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں نہتے شہریوں کی شہادت پر احتجاج کرتے ہوئے ہند کے قائمقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ اور ڈی جی سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے ہند کی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز اٹھ مقام شاہکوٹ سیکٹر میں ہند کی فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور 7 شہری زخمی ہوئے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 2018ء میں بھارتی فورسز نے سیز فائر کی 2350 خلاف ورزیاں کیں جس سے 36 بے گناہ شہری شہید اور 142 زخمی ہوئے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہند سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر ہند کی فورسز کی فائرنگ انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور خلاف ورزی کے واقعات کی تحقیقات کرے ۔