نیلامی کی گاڑیاں سستی بیچنے کے نام پر فراڈ کرنےوالا گروہ پکڑا گیا
کراچی: سندھ رینجرز نے سائبر کرائم میں ملوث ایک گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرکے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کردیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نیلامی کی گاڑیاں عوام کو سستے داموں فروخت کرنے کا جھانسہ دیتے تھے اور اس طرح سے بھاری رقوم لوٹتے تھے اور رقم آن لائن ٹرانسفر کروانے کے بعد موبائل نمبر بند کرکے روپوش ہوجاتے تھے۔ جس کے بعد انہیں موبائل ایپلی کیشن پر دیے گئے نمبرز اور انٹیلی جنس معلومات کے ذریعے کورنگی ، گلشن اقبال اور سرجانی ٹاﺅن کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں محمد ابراہیم عرف ابراہیم نفیس، سید علی عاطف جعفری، عرفان بشیر، سید شاہ میر فرقان عرف نعمان نومی، محمد نوید مرزا، کامران، اعظم رحمن بٹ، نذر القادر، منیر خان اور فیضان رفیع شامل ہیں جنہیں مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔