حوثی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہے ہیں، سعودی کابینہ
ریاض۔۔۔ سعودی کابینہ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی عہد شکنیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔ سعودی کابینہ نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کہا کہ حوثی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔ یہ عہد شکنی بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج ہے۔ کابینہ نے سویڈن معاہدے کی دفعات کی من مانی تشریح اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا۔ کابینہ نے کہا کہ حوثی یمن میں انسانی بحران سے متعلق غلط معلوما ت اور گمراہ کن اطلاعات پیش کرکے بین الاقوامی تنظیموں کو گمراہ کررہے ہیں۔ حوثی امدادی سامان میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ امدادی سامان اور رقم نیز اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں انسانی تنظیموں اور امدادی ممالک کے عطیات لوٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی خوراک پروگرام نے بدعنوانی میں ملوث ہونے اور امدادی سامان مارکیٹ میں فروخت کرنے کے واقعات کی بابت حوثیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔عالمی خوراک پروگرام کے ترجمان نے کہاکہ یمنی حکومت نے اسے اقوام متحدہ کی امداد سے فائدہ اٹھانے والوں کے اندراج کی اجازت دیدی ہے تاکہ امدادی سامان حقداروں تک ہی پہنچے۔ حوثیوں کی رکاوٹوں کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں ہوپارہا ہے۔ عالمی خوراک پروگرام نے یمن میںامدادی سامان کی تقسیم کیلئے 7مراکز قائم کئے ہیں۔ یہ صنعاءمیں کام کررہے ہیں۔ یہ وزارت تعلیم و تربیت کے ماتحت ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 1200ٹن کھانے پینے کی اشیاءغیر مستحقین کو دیدی گئیں۔ ماہانہ 600ٹن خوراک میں خوردبرد کی گئی۔ علاوہ ازیں کھانے پینے کی اشیاءمارکیٹ میں بھی فروخت کی گئیں۔ صنعاءمیں موجود حوثی ہی انسانی امداد چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے پابند ہیں۔