جعلی ڈگری کیس: 16 پائلٹ اور عملے کے 65 اہلکار معطل
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے فضائی کمپنیوں کے عملے کی جعلی ڈگریوں پر از خود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ برطرف افراد قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران پی آئی اے کے برطرف پائلٹ کا کہنا تھا کہ میری ملازمت ایف ایس سی کی بنیاد پر تھی، بی ایس سی کی ڈگری کی بنیاد پر کالا گیا، جس پر پی آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ برطرف پائلٹ کی بی ایس سی کی ڈگری جعلی تھی، مکمل انکوائری کے بعد ملازمت سے نکالا گیا ہے۔
قومی ائرلائن کے وکیل کا کہنا تھا کہ دیگر تمام عملے کی ڈگریوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور صرف 6 غیر ملکی ڈگریوں کی تصدیق باقی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جعلی ڈگری والوں سے کوئی ہمدردی نہیں لیکن جلد بازی یا عدالتی دباؤ میں کسی کو بر طرف نہ کیا جائے۔ مکمل تصدیق کے بعد ہی کارروائی کی جائے ۔ سول ایوی ایشن کے وکیل نے دوران سماعت کہا کہ ملازمت سے بر طرف کرنا حکومت کا کام ہے، سول ایوی ایشن صرف لائسنس معطل کر سکتی ہے، کیبن کریو کے 65 اور 16 پائلٹس کو جعلی ڈگری پر معطل کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے جعلی ڈگریوں پر از خود نوٹس نمٹاتے ہوئے کہا کہ برطرف افراد قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔