جناح اسپتال میں کینسر کے مریضوں کے لیے ایک اور بڑی سہولت
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
کراچی: شہر قائد میں واقع جناح اسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے ایک اور بڑی سہولت فراہم کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جناح اسپتال میں ایک اور سائبر نائف روبوٹ نصب کیا جارہا ہے جس پر 57 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق روبوٹ کی تنصیب کا عمل 3 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد سائبر نائف روبوٹ کی تعداد 2 ہوجائے گی، جس کے نتیجے میں روزانہ 24 مریضوں کی ریڈیو سرجری کی جاسکے گی،
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے میڈیا ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کینسر کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور زیادہ تر مریض جناح اسپتال کا رخ کررہے ہیں۔ مریضوں کے دبائو کے پیش نظر ریڈیالوجی کے شعبہ سائبر نائف میں مزید ایک اور روبوٹ نصب کیا جارہا ہے اس وقت ایک روبوٹ کام کررہا ہے لیکن وہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث ناکافی ثابت ہورہا ہے۔ نجی شعبے کے تعاون سے منگوائے جانے والے روبوٹ پر 57 کروڑ روپیلاگت آئے گی ۔ روبوٹ کی مرمت پر 10 سے 11 کروڑ روپے خرچ کیے جاتے ہیں جوکہ حکومت ادا کرتی ہے۔ 2 روبوٹس کی تنصیب کے بعد شعبے میں روز 24 مریضوں کی ریڈیو سرجری ممکن ہوسکے گی۔ ریڈیو تھراپی کمیشن کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔