وزیر اعظم پر مقدمے سے بُری مثال قائم ہورہی ہے‘ فواد چودھری
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نیب کی جانب سے تحقیقات پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مقدمات سے نیب کی عزت بڑھے گی نہیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب ملک میں وزیر اعظم پر ایسا مقدمہ چلنے کا تصور بھی ہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعظم پر مقدمہ توازن سے باہر ہے اور اس سے بُری مثال قائم ہو رہی ہے۔
گزشتہ شب نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مقدمے کا زرداری اور نواز شریف پر مقدمات سے موازنہ نہیں۔ نیب کو وزیر اعظم پر مقدمہ فوری ختم کرنا چاہیے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی ہی کے رہنما علی محمد خان نے کہا تھا کہ قومی احتساب بیورو کو اختیار ہے کہ وہ وزیرا عظم سے بھی پوچھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جو قانون عام آدمی کے لیے ہے وہی وزیر اعظم کے لیے بھی ہے، جس کے بعد گزشتہ روز چیئرمین نیب نے اپنا ردعمل دیا جس میں انہوں نے کہا کہ جب قائد حزب اختلاف نیب کارروائی کا سامنا کر سکتا ہے تو وزیر اعظم کو بھی استحقاق نہیں کہ وہ کارروائی کا سامنا نہ کرے۔