Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے کلین سویپ پر نظریں گاڑ دیں

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹیسٹ میں فتح کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے پاکستان کو سیریز میں کلین سویپ کرنے کیلئے نظریں گاڑ دیں ۔ 3ٹیسٹ کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی ٹیم 185 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔کپتان سرفراز احمد نے 50 جبکہ بابر اعظم نے 49 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں5وکٹوں کے نقصان پر135 بنا کر 212 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے تھے۔دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ 42 اور ڈی کاک 34 رنز بنا کر وکٹ پر موجودہیں۔ امام الحق اور نائٹ واچ مین محمد عباس نے 2وکٹوں کے نقصان پر 17رنز کے ساتھ دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا توپاکستان کی تیسری وکٹ 53 رنز پر گری جب نائٹ واچ مین محمد عباس11رنز بنا کر اولیویئر کی گیند پر ڈی بران کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ اگلی ہی گیند پر اسد شفیق فلینڈر کی گیند سے بچتے ہوئے انتہائی بچکانہ انداز میں صفر پرآوٹ ہوگئے۔امام الحق نے 4چوکو ں کی مددسے 43رنز بنائے انہیں فلنڈر نے ایلگر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرادیا۔بابر اعظم نے 10چوکوں کی مددسے 49رنز بنائے وہ بدقسمتی سے نصف سنچری مکمل نہیں کرسکے۔کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی کوشش کی اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے۔انہیں 50رنز پر ربادا کی گیند پر ہاشم آملہ نے خوبصورت کیچ لے کر پویلین بھیج دیا۔محمد عامر 10رنز بنا سکے جبکہ فہیم اشرف اور حسن علی اسکور میں کوئی اضافہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔پاکستان کی پہلی اننگز 185پر سمٹ گئی۔ڈیون اولیویئر نے5وکٹیں حاصل کیں جبکہ فلینڈر 3اور ربادا نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جنوبی افریقہ نے 77رنز کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو فاف ڈوپلیسس کی جگہ کپتانی کرنے والے ڈین ایلگر ایک بار پھر 5رنز بنا سکے، وہ پہلی اننگز میں بھی اسی اسکور پر آوٹ ہوئے تھے۔انہیں محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد نے کیچ آوٹ کیا۔میکارم نے 21رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما دیا۔ڈی بران 7اور اپنا پہلا انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کھیلنے والے زبیر حمزہ صفر پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے، یہ دونوں وکٹیں فہیم اشرف نے حاصل کیں۔زبیر حمزہ نے پہلی اننگز میں 41رنز بنا کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ہاشم آملہ 42جبکہ ڈی کوک 34رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ان کے عزائم یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ فتح دلا دیں گے۔ سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں سے جبکہ کیپ ٹاون ٹیسٹ میں9وکٹوںسے کامیابی حاصل کی تھی۔ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین5ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوںکی سیریز کھیلی جائیںگی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: