300اسامیاں، 10ہزار سے زائد امیدوار
کراچی ...کراچی کے سول اسپتال میں 300اسامیوں کے لئے 10 ہزار سے زائد امیدوار انٹرویو دینے پہنچ گئے۔ ناکافی انتظامات کے باعث امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ پولیس نے امیدواروں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ سول اسپتال میں ایک سے پانچ گریڈ تک کی 300 خالی اسامیوں کے لئے اتوار کو ایک ہی دن تمام انٹرویو مکمل کرنے کا اعلان ہوا۔ملک میں بڑھتی بے روزگاری کے باعث 300 خالی اسامیوں کے لئے 10 ہزار سے زائد امیدوار انٹرویو دینے پہنچ گئے۔ 2 ہزار سے زائد خواتین امیدوار شامل تھیں۔بڑی تعداد میں امیدواروں کے باعث انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ناکافی انتظامات کے باعث اسپتال کے گیٹ پر دھکم پیل شروع ہو گئی جسے قابو کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا ۔رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج اور بے ہنگم انتظامات کے باعث خواتین امیدوار سمیت کئی افراد بغیر انٹرویو واپس لوٹ گئے۔ایم ایس سول اسپتال آفتاب میمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کی اتنی بڑی تعداد میں آمد کا اندازہ نہیں تھا ۔