Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کھیلنے پاکستان آنے کو تیار

  ڈھاکا: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے پاکستان میں کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کردیا ہے اور وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے میچز کیلئے پاکستان جانے کو تیار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ابراہم ڈی ویلیئرز کی جانب سے پاکستان میں کھیلنے پر رضامندی کو بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ڈی ویلیئرز کی پاکستان آمد نہ صرف شائقین کو لیگ کی جانب متوجہ کرے گی بلکہ اس سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھی مدد مل سکے گی۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شریک ڈی ویلیئرزکا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے خواہشمند ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور وہ اپنی ٹیم کی جانب سے 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز بھی کھیلیں گے۔ لاہور قلندرز کا 9 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور 10 مارچ کو ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کو ٹائٹل دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ڈی ویلیئرز 2007ء میں جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیںجہاں انہوں نے لاہور میں ایک ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز میں حصہ لیا تھا۔ ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ کرکٹ کو پاکستان میں کتنی اہمیت دی جاتی ہے۔2007ءمیں پاکستان کا دورہ کیا تھا تو مجھے یاد ہے کہ ہمارا شاندار استقبال کیا گیا اور ہماری ٹیم کو شاندار پذیرائی بھی ملی۔ میری تمام ہمدردیاں پاکستانی شائقین کے ساتھ ہیں جنہوں نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے دھچکے کوبرداشت کیا لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوجائے گی اور یہاں کے میدان ایک مرتبہ پھر آباد ہوجائیں گے۔اے بی ڈی ویلیئرز کے اعلان پر لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز اپنے کھیل سے قذافی اسٹیڈیم میں میچوں کو یاد گار بنا دیں گے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: