کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا،فواد چوہدری
لاہور...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ دو ادارے ہیں ہماری ان سے کوئی لڑائی نہیں ،لیکن جب دو لیڈرز کےلئے این آر او کی بات ہوتی ہے تو وہاں جھگڑا شروع ہو جاتا ہے ۔(ق) لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا ۔فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئیں ۔ توسیع کے معاملے پر اتفاق رائے کی کوشش کریں گے ۔پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی تجویز کو بھی دیکھیں گے ۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ماضی کی نسبت بہتر حالات کی طرف جارہا ہے ۔ ماضی کی تلخ حقیقتیں پیچھے چھوڑی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس سال پاکستان تاریخ کی بڑی ایکسپورٹ کرے گا ۔ حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی ۔ ایمزون کمپنی27ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے ۔سعودی عرب کے تعاون سے دنیا کی تیسری بڑی آئل ریفائنری بنے گی ۔ اس پر ابتدائی طو رپر 10ارب ڈالر کا تخمینہ ہے ۔ یہ سال غیر ملکی سرمایہ کاری او رایکسپورٹ کا سال ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ اب سیاست میں بات بد دعاوں پر آ گئی لیکن یہ دعاوں کا سال ہے ۔ مستحکم پاکستان کی جانب بڑھیں گے۔ ساہیوال واقعہ کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے بھی تفصیل مانگی ہے ۔سی ٹی ڈی کا جو بیان سامنے آیا ۔ اس کے مطابق دہشتگردوںنے کچھ لوگوںکو انسانی ڈھال کے طو رپر استعمال کیا ۔یہ بڑے دہشتگرد تھے ۔ ابھی تفصیلات آنی ہے ۔پنجاب حکومت جواب دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی اپنی سیاست کرنے کی اجازت ہے ۔ پی ٹی آئی اور (ق) لیگ ایک جماعت نہیں ۔ (ق) لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا ۔ چوہدری برادران سے ملاقات ہوتی رہتی ہے ۔ کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا،حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ۔پاکستان کے اچھے دن شروع ہوگئے ۔اچھے دنوں میں ویسے بھی کوئی چھوڑ کر نہیں جاتا ۔