ذیشان کا داعش نیٹ ورک سے تعلق تھا،راجہ بشارت
لاہور...پنجاب حکومت نے ساہیوال واقعہ میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے اہل خانہ کےلئے 2کروڑ روپے کی مالی امداد اور بچوں کی مکمل کفالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ تھا جو اعلیٰ خفیہ ادارے اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر کیا ، ذیشان کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے تھا اس کی گاڑی دہشتگردوں کے زیر استعمال رہی ،ذیشان کے گھر میں دہشتگرد موجود ہونے کے مصدقہ شواہد ملے ہیں، جے آئی ٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ خلیل کا ذیشان کے ساتھ کیا تعلق تھا اور وہ اس فیملی کے ساتھ جارہا تھا، حکومت نے سی ٹی ڈی نہیں بلکہ جے آئی ٹی کے موقف کو تسلیم کرنا ہے اور اس کی رپورٹ پر من و عن عملدرآمد ہوگا ،گوجرانوالہ میں دہشتگردو ں کا گھیرو اسی آپریشن کا تسلسل تھا ۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے صوبائی وزراءفیاض الحسن چوہان، میاں محمود الرشید ، میاں اسلم اقبال اور دیگر کے ہمراہ 90شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے اہل خانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا۔اس میں ایک لفظ بھی کم یا زیادہ نہیں کیا گیا ۔آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے سپروائزر کو بھی معطل کردیا گیا سی ٹی ڈی اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ذیشان کے داعش نیٹ ورک کے ساتھ تعلقا ت تھے۔ یہی نیٹ ورک ملتان میں آئی ایس آئی کے افسر ، علی حید رگیلانی کے اغوائ، فیصل آباد میں2پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 13جنوری کو ایک ہنڈا گاڑی ساہیوال میں گئی ۔جب اس کو سپاٹ کیا گیا تو سیف سٹی کے کیمروں نے ذیشان کی گاڑی کی بھی نشاندہی کی جو دہشتگردوں کی گاڑی کے ساتھ تھی ۔انہوںنے کہا کہ ذیشان کے گھر میں اسلحہ اوربارود تھا لیکن گنجان آباد علاقے میں گھر ہونے سے کوئی آپریشن نہیں کیا گیا تاکہ علاقے میں کوئی انسانی جانوں کو نقصان نہ ہو ۔اس کا شہر سے باہر جانے کا انتظار کیا گیا ۔ 19جنوری کو سفید رنگ کی گاڑی کو مانگا کے مقام پر اسپاٹ کیا گیا ۔ایجنسیوں کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے گاڑی کو روکا جو بارود لے کر جارہے تھی۔ گاڑی کے شیشے کالے ہونے سے پیچھے بیٹھی خواتین اور بچے نظر نہیں آئے ۔انہوںنے کہا کہ سی ٹی ڈی کے موقف کے مطابق پہلا فائر ذیشان نے کیا لیکن جے آئی ٹی اس کا تعین کرے گی۔جے آئی ٹی اس بات کابھی تعین کرے گی کہ خلیل اور اس کی فیملی ذیشان کے ساتھ کیوں جارہی تھی اور ان کے آپس میں کیا تعلقا ت تھے ۔ انہوںنے کہا کہ گاڑی سے2خود کش جیکٹس، 8 ہینڈ گرینڈ،2پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔یہ کہاں سے آئے اور کس لئے جارہے تھے اس کی تحقیقات ہوں گی ۔