نئے پاکستان میں شہری بچوں کے ساتھ باہر نہ نکلیں،بلاول
کراچی... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال میں پنجاب پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ شہریوں کے بہیمانہ قتل سے واضح ہوگیاکہ تحریک انصاف نے پنجاب کوپولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا ۔ ساہیوال کا سانحہ ایک پیغام ہے کہ نئے پاکستان میں شہری بال بچوں کے ساتھ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ یہ فقط تحریک انصاف کی گڈ گورننس کا شاخسانہ ہے کہ اتنے بڑے سا نحے کے بعد حکومت لاپتہ ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم آئے روز دعوے کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ریاست مدینہ جیسی فلاحی ریاست میں تبدیل کردیا لیکن شاید انہیں یہ معلوم نہیں ریاستِ مدینہ ہر اس عمل کی ذمہ داری خود اٹھاتی تھی جس سے عوام کو نقصان پہنچا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اِس معاملے کی تحقیقات کے اعلانات درحقیقت منہ چھپانے کی ناکام کوشش کے سواکچھ نہیں۔ نیازی سرکار کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں ۔ اپنے دوستوں کو خوش کرنے کی خاطر سینیئر پولیس افسران کو تبادلہ کرنے والوں سے انصاف نہیں ہوگا۔ بلاول نے کہا کہ ٹیوٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے سوا کچھ نہیں کر سکتی۔ حقیقت یہ ہے کہ نیا پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کر دیا گیا ۔