وزیر اعلیٰ پنجاب نے مصروفیات منسوخ کردیں‘ اہم فیصلے متوقع
لاہور: سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کی جانب سے واقعہ کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کی جائے گی۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد صوبے میں بڑے فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کے لیے بنائی گئی ٹیم کی رپورٹ ممکنہ طور پر پولیس کے خلاف ہے، جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرکے امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں ممکنہ طور پر پولیس کے خلاف رپورٹ کی صورت میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سمیت اعلیٰ افسران کی تبدیلی کا امکان ہے۔ دوسری جانب جے آئی ٹی کے سربراہ سید اعجاز شاہ نے ساہیوال میں جائے وقوع پر ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے سی ٹی ڈی کے 6 اہلکار حراست میں ہیں جن کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں اور ابتدائی طور پر شہادتیں بھی اکٹھی کرلی گئی ہیں۔شہادتوں اور لیبارٹری سے تجزیے کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔