وزیر اعظم نئے نظا م کا خاکہ جلد پیش کرینگے،نعیم الحق
لاہور...وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاون سانحہ میں پولیس افسران کے کہنے پر براہ راست گولیاں ماری گئیں۔ساہیوال سانحے میں ایسا نہیں ہوا ۔شہدا کی فیملی کی تکلیف کو سمجھتے ہیں ۔ داعش سے متعلق وزیراعظم کو خبریں ملتی رہتی ہیں ۔ اس وقت ملک شدید بحران اور مشکلات کا شکار ہے ۔ملک کو نا صرف سیاسی بلکہ سماجی بحران کا بھی سامنا ہے ۔ تبدیلی کا جو نعرہ لگایا تھا وہ صرف چہروں اور شخصیتوں کی تبدیلی تک محدود ہے ۔ساہیوال سانحے نے پوری قوم کو نئی نہج پر کھڑا کردیا ۔تحریک انصاف کی 22 سالہ جدوجہد کسی شخصیت نہیں بلکہ نظام کے خلاف تھی ۔سمجھتے ہیں اس نظام میں ان مسائل کا حل نہیں ۔ اس وا قعہ کا تعلق پولیس کے گلے سڑے نظام سے ہے ۔ وزیر اعظم نئے نظام کا خاکہ جلد عوام کے سامنے لائیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ ساہیوال واقعہ پر جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں مزید اقدامات کریں گے ۔وزراءکی پریس کانفرنس سے جو ردعمل سامنے آیا اس سے شہدا کے خاندانوں کو تکلیف پہنچی ۔پریس کانفرنس میں زیادہ بہتر طریقے سے بات کی جاسکتی تھی۔ تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز چوہدری نے کہا کہ سانحے ساہیوال کی فوٹیج بتاتی ہے کہ گرفتاری ممکن ہوسکتی تھی ۔ انٹیلی جنس رپورٹس میں بچوں کی موجودگی کا کیوں پتہ نہیں چلا ۔ پی ٹی آئی سانحے ساہیوال کے مظلوم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔