سڑک حادثے میں ماں بیٹی سمیت 5افراد ہلاک
فتح پور۔۔۔اترپردیش کے ضلع فتح پور میں چوڈگرا ،گھاٹمپور مغل شاہراہ پر سڑک حادثے میں ماں بیٹی سمیت 5افراد ہلاک اور 6زخمی ہوگئے۔ عالم پور کے قریب تیز رفتارکار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی جس سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور رامو ، شیکھا ، ویشنوی دیوی،بھیم سنگھ کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ وجے پال ، لیلا وتی ، رام بھروسے ، رینا سنگھ ، جیت سنگھ ، رویندر سنگھ اور ارملا شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں لیلاوتی ، ارملا ، جیت سنگھ کونازک حالت میں کانپور منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ارملا زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔