اپنے الفاظ پر معذرت خواہ ہوں،تضحیک مقصد نہیں تھا، سرفراز احمد
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
ڈربن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں حریف کھلاڑی آل راونڈر اینڈائل فلیکواکے حوالے سے کہے ہوئے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔سرفراز احمد نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ روز میچ میں اپنی بے بسی اور بے چینی کے طریقہ اظہار پر کسی کو دکھ پہنچنے پر معذرت کرنا چاہتا ہوں۔ کپتان نے کہا کہ میرے الفاظ کسی کو نشانہ بنانے کے لئے نہیں تھے اور کسی کو بے چین کرنے کا ارادہ نہیں تھا،میرا مقصد اپنے الفاظ کو سنانا نہیں تھا اور نہ ہی مخالف ٹیم یا کرکٹ شائقین تک پہنچانا تھا۔معذرت خواہانہ بیان میں سرفراز نے کہا کہ میں دنیا بھر میں اپنے ساتھی کرکٹرز کے ساتھ ماضی میں بھی بھائی چارے کی بات کرتا تھا اور مستقبل میں بھی کروں گا، میدان کے اندر اور میدان سے باہر ہر جگہ عزت و احترام دوں گا۔ سرفراز کے کہے گئے جملے کے الفاظ پر کرکٹ کے سابق اسٹارز اور شائقین کی جانب سے شدید تنقید کرتے ہوئے سرفراز اپنے بیان کی وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سوشل میڈیا میں شائقین کرکٹ نے قومی ٹیم کے کپتان پر تنقید کی تھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کئی افراد نے سرفراز پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔پی سی بی نے اپنے ردعمل میں ٹیم کے کپتان کے مخالف ٹیم کے کھلاڑی پر ایسا جملہ کسنے پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنے اعلامیے میں کہا کہ اس طرح کے الفاظ برداشت نہیں کئے جائیں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرفراز احمد دنیا بھر کے محترم کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز ہے لیکن کسی بھی کھلاڑی یا کپتان کی جانب سے اس طرح کے جملے ناقابل قبول ہیں۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے کھلاڑیوں کی اخلاقی تربیت یقینی بنائیں گے۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ اس واقعے سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور شائقین کرکٹ بقیہ میچ دیکھنے میں دلچسپی ظاہر کریں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں