پاکستان کے سنجیدہ اقدام پر ہند بچکانہ حرکتیں کررہا ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
اسلام آباد: دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری سے متعلق معاہدے کا ڈرافٹ ہند کے ساتھ شیئر کیا ہے، اور پاکستان نے اپنا فوکل پرسن بھی مقرر کرکے ہند کو بات چیت کی دعوت دی ہے تاہم ہند کی جانب سے بچکانہ حرکتیں کی جا رہی ہیں۔ ہمارے جواب پر دو تاریخیں دی گئیں، مگر ہمارا جواب بچکانہ نہیں ہوگا۔
مقبوضہ کشمیر میں ہند کی فوج کی جارحیت سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہند کی جانب سے پیلٹ گنز کا استعمال روکا نہیں جا رہا۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کے ساتھ بھی گفتگو کی ہے۔ اسرائیل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جبکہ پاکستان اور قطر امریکا طالبان مذاکرات میں سپورٹ فراہم کررہے ہیں، افغان امن عمل ایک مشترکہ ذمے داری ہے۔