’یا تو 100 ہے یا صفر‘، پاکستان کی سیریز میں شکست پر کرکٹ شائقین کے تبصرے
بدھ 26 مارچ 2025 14:30
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر 4-1 سے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے مایوس کن اختتام کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ بھی کوئی اچھی خبر نہ لاسکا۔
ٹیم میں نئے نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد کرکٹ شائقین امید کر رہے تھے کہ پاکستانی ٹیم اپنی پرفارمنس سے ماضی کی غلطیاں سدھارے گی۔
ایک اور امید اس وقت پیدا ہوئی جب تیسرے میچ میں پاکستان نے 200 سے زائد سکور کا کامیابی سے تعاقب کیا، مگر سیریز میں پاکستان وہی ایک میچ جیت پایا۔
سیریز میں شکست پر اب دوبارہ پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ اور ٹیم پر سوال اٹھ رہے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
عبدالغفار نے لکھا ’سفیان مقیم نے پہلے چار میچز نہیں کھیلے، کیا ہی ٹیم مینجمنٹ ہے۔‘

عبداللہ ظفر نے لکھا ’مانیں یا نا مانیں، اپنے بدترین دن میں بھی بابر اعظم ان نوجوان کھلاڑیوں سے بہتر تھے۔‘

وحید ملک نے بابر اعظم کے حوالے سے اپنی پوسٹ میں لکھا ’سونے کی خواہش میں ہم نے ہیرا گنوا دیا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’ہم کرکٹ کھیلتے ہی کیوں ہیں؟‘

فرحان سکندر نے کہا ’یہ مادڑن ڈے کرکٹ کون سے چینل پر کھیلی جا رہی ہے؟‘

کرک فلو نامی اکاؤنٹ نے شاداب اور سفیان کا مواذنہ کرتے ہوئے لکھا ’فرق چیک کریں، ایسے میچ میں جہاں سب کی دھلائی ہو رہی تھی سفیان مقیم کو کھیلنا مشکل تھا۔‘

مرزا اقبال بیگ نے لکھا ’یہ سکول کے بچے بولنگ کر رہے ہیں یا پاکستان کے کھلاڑی؟‘

ایک اور صارف نے حسن نواز کے مسلسل صفر سکور پر لکھا ’یا تو 100 ہے یا تو صفر۔‘

حسن نواز نے پانچ میچز میں ایک میں سینچری سکور کی، 3 میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور ایک میچ میں صرف ایک سکور ہی بنا پائے۔
