سردموسم میں ہڈیوں اور جوڑوں کی تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے جو اذیت اور پریشانی کا سبب بنتا ہے . گھٹنوں کا درد سرد موسم میں اور شدت اختیار کرلیتا ہے جس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر لازم ہیں . طرز زندگی اور خوراک کومتناسب بنا کر اس قسم کی تکالیف سے بچا جا سکتا ہے . اس ضمن میں سب سے اہم چیز ورزش ہے . دن کے آغاز پر ہلکی پھلکی ورزش جو گھٹنوں کو متاثر نہ کرے آپ کی ہڈیوں اور جوڑوں کو فعال اورتوانا رکھنے میں مدددیتی ہے . ورزش سے پہلے وارم اپ ہوں اور اعتدال کےساتھ مستقل بنیادوں پر ورزش جاری رکھیں .
کیلشیم ہڈیوں کی صحت اور مضبوطی کے لیے ضروری ہے . لہذا سرد موسم میں گھٹنوں اور دیگر جوڑوں کی تکلیف سے بچنے کے لیے اپنی غذا میں کیلشیم کا استعمال بڑھا دیں . مغزیات ، میوے ، تل ، اناج .سبزیاں مچھلی ، دودھ اور دیگر ڈیری پراڈکٹس کا استعمال بڑھا دیں . اگر آپ کیلشیم کی کمی کا شکار ہوں تو اپنے معالج کے مشورے سے سپلیمنٹس کے ذریعے اس کمی کو دور کرنے کی کوشش کریں . اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ آپ کے جسم میں وٹامن ڈی مطلوبہ مقدار میں موجود ہو کیونکہ یہ کیلشیم کوہڈیوں میں جذب کروانے کے لیے ناگزیر ہے .
ٹینشن ، ذہنی اور اعصابی دباؤ سے بچنے کی کوشش کریں . اعصابی دباؤ کے سبب بھی آنتیں زیادہ مقدار میں کیلشیم جذب نہیں کر پاتیں . اپنی ذہنی کیفیت اور طرز زندگی کو مثبت رکھیں اور کسی بھی قسم کی ٹینشن کو اپنی صحت پر اثر انداز ہونے نہ دیں . ایسی غذاؤں سے پرہیز کریں جن کے استعمال سے کیلشیم ضائع ہونے کا احتمال ہو . کیفین ، چائے ، سوڈا واٹر ، بازاری مشروبات ، سفید چینی اور سگریٹ نوشی سے اجتناب کریں . سردی سےبچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں . تھوڑی سی توجہ اور احتیاط آپ کو جوڑوں کے درد سے محفوظ رکھ سکتی ہے .