فاروق ستار کی درخواست پر ایم کیو ایم کو نوٹس جاری
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار کی جانب سے پارٹی رکنیت خارج کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیے جانے کے بعد عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کردیے۔ ذرائع کے مطابق عدالت نے فریقین کو 7 فروری تک جواب جمع کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا معاملہ آئینی درخواست کا لگتا ہے، دیوانی مقدمہ کیسے دائر ہوسکتا ہے ۔ قبل ازیں فاروق ستار نے عدالت میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ رکنیت کا اخراج الیکشن ایکٹ اور پارٹی قوانین کے خلاف ہے، کسی بھی کارکن کی رکنیت خارج کرنے کے ضابطوں کو پورا نہیں کیا گیا جبکہ رکنیت خارج کرنے کے فیصلے پر صرف کنور نوید کے دستخط ہیں حالانکہ رکنیت خارج کرنے کے لیے رابطہ کمیٹی کے دو تہائی اراکین کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی گروپ نے فاروق ستار کو کنوینر شپ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت ختم کردی تھی۔