بیٹی کی خواہش میں بچیاں اغوا کرنیوالا گرفتار
نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی پولیس نے بیٹی کی خواہش رکھنے والے40سالہ شخص کو مغربی دہلی سے 2بچیوں کا اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کرشن دت تیواری ڈرائیور ہےاوروہ راجوری گارڈ ن میں رہائش پذیر ہے۔کیرتی نگرکے ایک شخص نے اپنی 8سالہ بچی کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی جو دوسرے دن بحفاظت گھر پہنچ گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران لڑکی نے بتایا کہ اسے ایک شخص موٹر سائیکل پر بٹھا کر اپنے گھر لے گیا تھا۔ڈپٹی پولیس مونیکا بھاردواج نے بتایا کہ اس شخص نے لڑکی کو رات بھر اپنے گھر رکھنے کے بعد واپس پہنچادیاتھا۔علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے معلوم ہوا کہ ایک شخص لڑکی کو راجوری گارڈن کے قریب بائک سے اتار رہا ہے۔شناخت کے بعد نے اسے گرفتار کرلیاگیا۔تفتیش کے دورانملزم نے بتایا کہ اس کے 2بیٹے ہیں اس کی خواہش ہے کہ اسے ایک بیٹی مل جائے۔ملزم نے یہ بھی اقرار کیا کہ 2ماہ قبل ہیرا نگر علاقے سے 8سالہ بچی کا اغوا کیا اور 2،3دن تک گھر میں رکھنے کے بعد واپس پہنچا دیا تھا۔پولیس نے ملزم کیخلاف رپورٹ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔