جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز 2-3سے جیت لی
کیپ ٹاون: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 5ویں اور فیصلہ کن میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5ون ڈے کی سیریز2-3 سے جیت لی۔کیپ ٹاون میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان کا 241 رنز کا ہدف پراعتماد انداز میں 40ویں اوورز میں3وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے جارحانہ بیٹنگ کرکے صرف 58 گیندوں پر 83 رنز کی اننگز کھیل کر ہدف آسان بنا دیا اور شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ کپتان فاف ڈوپلیسس اور وین ڈر ڈوسن نے 100 رنز کی پارٹنرشپ سے ٹیم کو فتح دلا دی۔ دونوں نے نا ٹ آوٹ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ہاشم آملہ نے 14 اور ہینڈرکس نے 34 رنز بنائے۔ عثمان شنواری، شاہین آفریدی اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔فاف ڈوپلیسس نے ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ گرین کیپس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 240 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیل اسٹین نے امام الحق کو 8رنز پر تیسرے ہی اوور میں آوٹ کردیا، امام الحق آوٹ ہونے پر انتہائی مایوس نظر آئے تاہم سیریز میں عمدہ کاررکردگی کے باعث امام الحق کو مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔ بابراعظم اور فخرزمان کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 56 رنز کی شراکت ہوئی۔ بابراعظم کو 24 رنز پر پری ٹوریئس نے بولڈ کردیا جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کیلئے آئے لیکن ان کی اننگز بھی 17 رنز تک محدود رہی تاہم فخرزمان نے شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی مگر وہ 70 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔شعیب ملک اور محمد رضوان نے انتہائی سست رفتاری سے بیٹنگ کی لیکن اس کے باوجود رضوان اپنی وکٹ نہ بچاسکے اور 30 گیندوں پر صرف 10 رنز بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ شعیب ملک بھی 31 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔ شاداب خان نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن شاداب بھی 19 رنز بنا سکے جبکہ 221 پر محمد عامر 6 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔آل راونڈر عماد وسیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کراسکور 240 رنز تک پہنچادیا، وہ اور شاہین شنواری ناٹ آوٹ پویلین لوٹے۔پروٹیز کی جانب سے اینڈیل فیلکوایو اور پری ٹوریئس نے 2،2 جبکہ ڈیل اسٹین ،ویان ملڈر اور ربادا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں