گورنر مشرقی ریجن نے العوامیہ منصوبے کا افتتاح کردیا
القطیف۔۔۔۔ گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف نے قطیف کمشنری میں العوامیہ کے مرکزی علاقے کا بدھ کو علاقے کے عمائدین ، اعلیٰ شہری و فوجی عہدیداروں اور عوام کے جم غفیر کی موجودگی میں افتتاح کردیا۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ العوامیہ کا یہ علاقہ بدامنی کا اڈا بنا ہوا تھا اب یہ یہاں کے لوگوں کیلئے روشنی کا سرچشمہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں دلی مسرت محسوس ہورہی ہے۔ ایک سال قبل یہ منصوبہ ایک خواب تھا اب شرمندہ تعبیر ہوگیا ہے۔ یہ غیر منظم اور العوامیہ کے باشندوں کیلئے اذیت اور تکلیف کا اڈہ بنا ہوا تھا۔ القطیف کے باشندے اس علاقے کی سرگرمیوں سے پریشان تھے ۔ یہ ماحولیاتی خطرات کا بھی باعث تھا۔ یہاں رہنا سہنا ممکن نہیں تھا۔ یہاں تخریبی عناصر اپنے اڈے بنائے ہوئے تھے۔ اللہ کے فضل و کرم سے اب یہ تاریخی، تمدنی علاقہ بن گیا ہے۔ اب یہاں جملہ عصری اور روایتی سہولتیں موجود ہیں۔ گورنر مشرقی ریجن نے بتایا کہ تمام عمارتوں کے مالکان کو ان کے جملہ حقوق ادا کردیئے گئے ہیں۔ قطیف کے کمشنر نے تمام مالکان کو کاغذات پیش کردیئے اور انہوں نے مالی معاوضے وصول کرلئے۔ شہزادہ سعود بن نایف نے یہ بھی بتایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عمارتوں کے مالکان کی میزبانی کی۔ انہیں موسم گرما کے دوران رہائش فراہم کی۔ مشرقی ریجن کی کمشنری نے تعمیراتی امور انجام دیئے۔ ایک سال میں چھ دن کم پہلے اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور اب اسے مکمل کرکے اس کا افتتاح کردیاگیا ہے۔ یہاں مساجد چشمے، اور مینارے جیسا کہ پہلے تھے، اب بھی ویسے ہی بنا دیئے گئے ہیں۔ ریکارڈ وقت میں سارا کام انجام دیاگیا۔ میئر فہد الجبیر نے بتایا کہ یہ سعودی ویژن 2030 کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے ٹھیکہ دار کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ۔ دن رات 1200 سے زیادہ کارکنان نے 8 ماہ کے اندر اندر انتہائی معیاری انداز میں کام مکمل کردیا۔