Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضیوف الرحمان کو ھجرہ روڈ سے مکہ، مدینہ اونٹوں پر لے جانے کا پروگرام

مکہ مکرمہ۔۔۔ وزارت حج و عمرہ نے خوشخبری سنائی ہے کہ جلد ہی ضیوف الرحمان کو ھجرہ روڈ سے مکہ سے مدینہ کا سفر کرایا جائے گا۔ اس پروگرام سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت مبارکہ کی یاد تازہ ہوگی۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ سے مدینہ منورہ ہجرت کیلئے جس راستے سے سفر کیاتھا اسی راستے سے اونٹوں پر مکہ ، مدینہ کا سفر کرایاجائے گا۔ ضیوف الرحمن، سیاحوں ، مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہجرت مبارکہ کے روحانی تجربے سے آشنا کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم 8 ربیع الاول ہجرت کے پہلے سال مکہ سے قبا ءپہنچے تھے ۔ کاروان نبوت نے غار ثور سے 8 دن میں مدینہ منورہ کا سفر طے کیا تھا۔ یہ پروگرام مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کی شراکت سے روبہ عمل لایا جائے گا۔ اس کے تحت ہجرہ روڈ پر 27 مقامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ا س پروگرا م کا مقصد مسلمانان عالم کو ان کی عظیم الشان تاریخ سے جوڑنا اور روحانی احساسا ت وجذبات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دسیوں منصوبے نافذ ہونگے۔ عجائب گھر، استقبالیہ مراکز، ہوٹل، ریسٹ ہاﺅسز ، رہنما مراکز اور سڑکیں وغیرہ سب شامل ہیں۔ غار ثور جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پناہ لی تھی ام معبد الخزاعیہ کا خیمہ جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آرام فرمایا تھا اور لاغر بکری کا دودھ دوہ کر اُم معبد کو حیرت زدہ کردیا تھا، اسی طرح سراقہ بن مالک کا وہ مقام جہاں اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا تعاقب کرکے قریش سے انعام جیتنے کا پروگرام بنایا تھا ان سب مقامات کا احیاءہوگا۔ وزارت حج و عمرہ ان دنوں اس حوالے سے مطالعات اور عملی اسکیموں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ 

شیئر: