سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ان دنوں لاجسٹک خدمات اور قومی صنعتوں کے شعبے میں نیا سعودی عرب مختلف تبدیلیاں دیکھ رہا ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں ریاض میں قومی صنعتوں اور لاجسٹک خدمات کے فروغ کے عظیم الشان پروگرام کا افتتاح کرکے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب عالمی نقشے پر اپنا مقام مضبوط بنا رہا ہے اور وہ قافلہ سالار صنعتوں کی دنیا میں موثر طاقت بن کر دکھائے گا۔
اس اقدام کیلئے وقت کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔ پورا علاقہ متعدد سیاسی ،اقتصادی اور امن و سلامتی کی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ ان کا تقاضا ہے کہ جرا¿ت مندانہ فوری اقدامات ہوں۔ اس قسم کے عظیم الشان منصوبوں سے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبوں کے مواقع مہیا ہونگے۔ کانکنی، صنعت، لاجسٹک خدمات اور توانائی کے شعبوں میں نئی دنیا آباد ہوگی۔ سعودی وژن 2030نے اس حوالے سے تمام شعبوں میں نئے سعودی عرب کیلئے واضح روڈ میپ مرتسم کررکھا ہے۔
سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق آئندہ 2برسوں کے دوران قومی صنعتوں کے فروغ پر 100ارب ریال خرچ کئے جائیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کانکنی کا شعبہ تیزی سے اوپر جائیگا اور وہ مملکت کا تیسرا اہم اقتصادی شعبہ بنے گا۔