جدہ: 12 ہوٹلوں کیخلاف کارروائی
جدہ۔۔۔ محکمہ سیاحت نے متعدد خلاف ورزیوں پر 12 ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ایک ٹریول ایجنسی کو خلاف ورزی پر سربمہر کردیاگیا۔ محکمہ سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے جدہ میں متعدد ہوٹلوں کا تفتیشی دورہ کیا جس کے دوران متعدد خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کئے گئے جبکہ تین ہوٹلوں کا لائسنس منسوخ کردیا۔ ایک ٹریول ایجنسی کیخلاف 30 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایجنسی کو مستقل طور پر سربمہر کردیاگیا۔ محکمہ سیاحت کے سربراہ محمد العمری نے بتایا کہ جدہ کے مختلف ہوٹلو ں میں تفتیشی دورے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 122 ہوٹل ہیں جن میں سے 21 فائیو اسٹار ، 22 فور اسٹار، 35 تھری اسٹار جبکہ باقی اوسط درجے کے ہیں۔ اسی طرح شہر میں ایک ہزار سے زیادہ فرنشڈ اپارٹمنٹس ہیں۔ 519 ٹریول ایجنسیاں کام کررہی ہیں۔ 98 سیاحتی دورے کرانے والے ادارے ہیں جبکہ 106 ٹریول گائیڈ کام کررہے ہیں۔