نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہو نگے،مریم
لاہور...سابق وزیراعظم نواز شریف کے سروسز اسپتال میں مختلف ٹیسٹ لئے گئے ۔ طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد سخت سیکیورٹی میں دوبارہ وی آئی پی روم منتقل کردیا گیا۔ٹیسٹ کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد میڈیکل بورڈ نوازشریف کو اسپتال میں زیرعلاج رکھنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔دریں اثناءسابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز،داماد کیپٹن صفدر اور مریم نواز کے داماد راحیل منیر سروسز اسپتال میں سابق وزیر اعظم کی عیادت کی۔مریم نواز اپنے والد کیلئے ان کی پسند کا کھانا بھی ہمراہ لائیں، اہلخانہ نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔مریم نواز نے والد کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت و خلوص آپ کے ساتھ ہے۔ اسپتال کے باہر کارکنان موجودہیں جو آ پ کی صحت کے لئے فکر مند ہیں۔ آپ بہت جلد صحت یاب ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے۔ مریم نواز نے نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹوں کے متعلق ڈاکٹروںسے معلومات لیں۔