ریاض ۔۔۔ سعودی سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن اور مشیر ایوان شاہی شیخ ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں سے کہا ہے کہ وہ ہمارے بچوں اور بچیوں کے ذہنوں میں دین کو لایعنی بنانے کا مشن تر ک کردیں۔ انہیں اسلام سے برگشتہ کرکے مرتد بنانے کا سلسلہ بند کردیں۔ انہوں نے سعودی چینل وَن سے پیش کئے جانے والے پروگرام” فتاویٰ“ میں توجہ دلائی کہ بعض فساد انگیز عناصر ہماری نسلوں کو دین سے نکال کر لادین بنانے کے درپے ہیں۔ یہ لو گ یہ کام ہمارے بچوں اور بچیوں کو وطن سے باہر لیجاکر انجام دے رہے ہیں۔ بعض بچوں کو یہ کہتے ہوئے سنا جارہا ہے کہ” مجھے اسلام نہیں چاہئے۔ میں مرتد ہوگیا ہوں“۔ ایسی باتیں کرنے لگے ہیں جن کا کبھی ہم نے تصور تک نہیں کیا تھا۔ اس صورتحال کے ذمہ دار سوشل میڈیا پر سرگرم نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار فاسد عناصر ہی ہیں۔