واشنگٹن۔۔۔ امریکی سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شام و افغانستان سے فوجی دستے واپس بلانے کے اعلان کے خلاف ترمیم منظور کر لی۔ قرار داد کے حق میں 70 جبکہ مخالفت میں 26 ووٹ پڑے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکہ کو شام و افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں سے مسلسل خطرہ ہے، کسی بھی ملک سے امریکی فوج کے اچانک انخلا کی صورت میں امریکہ کے انتہائی مشکل سے حاصل کیے گئے فوائد اور امریکی قومی سلامتی کو خطرہ ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں حکمراں جماعت ریپبلکن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کی تعداد 53 ہے، اس کے باوجود یہ قرارداد بآسانی منظور کرلی گئی ۔ان میں سے 46 اراکین نے اس ترمیم کے حق میں ووٹ دیئے۔اس سے یہ پیغام بھی واضح ہوا کہ امریکی سینیٹرز اگر کسی معاملے پر صدر سے اتفاق نہیں رکھتے تو وہ اپنی ہی جماعت کے صدر کے خلاف بھی ووٹ دے سکتے ہیں۔اس کے ساتھ 23 ڈیموکریٹ اراکین نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ دئیے۔