سعودی عرب میں ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد8 کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ... وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے بیرون ممالک کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد بڑھانے اور اوپی ایف کے معاملات میں مزید بہتری کا فیصلہ کیا ہے۔ خلیجی ممالک میں ایسے افراد جو اردو کےساتھ عربی زبان پر بھی عبور رکھتے ہیں انہیں عوام کے مسائل کےلئے استعمال کیا جائےگا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوپی ایف کی تشکیل نو کی ضرورت ہے جس پر کام کررہے ہیں۔ مختلف ممالک میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اوپی ایف کے سفیر ہوتے ہیں۔ ویلفیئر اتاشیوں کو کہا ہے کہ وہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے زیادہ محنت سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 3کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ہیں جن کی تعداد 4 کی جائے گی۔ سعودی عرب میں اس وقت 4کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خدمات سر انجام دے رہے ہیںوہاں پر ان کی تعداد 6کر رہا ہوں۔ 6ماہ بعد سعودی عرب میں ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد 8کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے لوگوں کو بھیجنے کی وجہ سے اخراجات میں بہت زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔ خلیجی ممالک میں ایسے افراد جو اردو کے ساتھ عربی زبان پر بھی عبور رکھتے ہیں انہیں عوام کے مسائل کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نمایاں پاکستانی جو سعودی عرب ، قطر میں مقیم ہیں انہیں پاکستانی کمیونٹی اور ویلفیئر اتاشیوں کی مدد کیلئے سسٹم میں لانا چاہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ خلیجی ممالک میں ترجمان کی وجہ سے کافی مسائل ہیں۔ غریب آدمی ترجمان کا محتاج ہوجاتا ہے۔ چاہتے ہیں کہ ترجمان پاکستانی ہو جو پاکستان کے حقوق کیلئے عربی زبان بول سکے ۔