شہباز شریف نے پی اے سی کو ڈھال بنا لیا،وفاقی کابینہ
اسلام آباد...وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کے عہدے کو بدعنوانی کے مقدمات کے خلاف ڈھال کے طور پر استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ شہباز شریف اخلاقی طورپر پی اے سی کی چیئر مین شپ سے مستعفی ہو جائیں۔ماضی میں این آر او ہوتے رہے ہیں۔ کلثوم نواز آخر تک کہتی رہیں کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم ملک سے جائیں ۔نیب کے اختیارات کم کرنے کی بات نہیں کرتے،نیب کے کام میں شفافیت بہت ضروری ہے۔حکومت اور فوج میں تاریخ کی بہترین کوآرڈی نیشن ہے جو جاری رہے گی۔گیس کے سلیب سسٹم پر بھی نظرثانی کی جارہی ہے۔ جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے کہا کہ سعد رفیق کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوں ۔انہوںنے کہاکہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا دفتر نیب کے کیسز بھگتنے والے لوگوں کو تفتیش سے بچانے کےلئے استعمال ہو رہا ہے۔ چوہدری فواد نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی باتیں کی گئیں۔کابینہ اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اس اقدامات پر تفتیش کا اظہار کیا ہے۔۔ چوہدری فواد نے کہاکہ رضا ربانی اور مشاہد اللہ نے غیر قانونی طور پر منسٹر انکلیو میں گھروں میں قبضہ کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ الاٹمنٹ کے مطابق کارروائی کی جائے۔