قوس قزح ڈائٹ پلان : غذائیت سے بھر پور
رنگوں سے بھرپور غذاؤں کا استعمال ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے ۔ غذائی ماہرین قوس قزح کے رنگوں پر مبنی ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ جسم کو تمام ضروری غذائی اجزاء با آسانی دستیاب ہو سکیں ۔ بہت سے رنگوں پر مبنی خوراک کا استعمال مدافعاتی نظام کو مضبوط بنانے اور بیماریوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا سبب بنتی ہیں ۔
سمانتھا ہیلر ، کلینیکل غذائی ماہر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کوئی بھی ایسی مختص خوراک نہیں ہے جو جسم کو ہر طرح کی بیماری سے چھٹکارا دلادے البتہ غذائی اجزاء سے بھرپور خوراک کا استعمال مدافعاتی نظام کو مضبوط بنا کر بہت سی بیماریوں کے خلاف تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ ہیلر کے مطابق وٹامنز ، منرلز ، کاربوہائیڈریٹ ، فیٹس اور پروٹین مدافعاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں ۔
سرخ پھل اور سبزیاں جیسا کہ ٹماٹر ، لال مرچ ، اسٹرابیری اور سرخ انگور فائٹو کیمیکلز یعنی لائیکو پین اور اینتھوسائنن سے بھرپور ہوتے ہیں جو کینسر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سمیت دیگر کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔ یہ جلد کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بھی اہم ہیں ۔
نارنجی رنگ کی غذائیں مثلاً گاجریں ، مالٹے ، شکرقندی، پپیتا اور چقندر ڈی این اے کی ساخت میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کا کام کرتی ہیں ۔ نارنجی رنگ کی غذاؤں میں زیازینتھن ، فلیوونائڈز ، لائیکو پین ، پوٹاشیم ، وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین موجود ہوتے ہیں جو آنکھوں ، ہڈیوں ، دل اور جلد کو صحت فراہم کرنے کے لئے ضروری ہیں ۔
پیلے رنگ کی غذائیں جیسا کہ انناس اور پپیتے کا شمار ان غذاؤں میں ہوتا ہے جو ہاضمے میں مدد دیتی ہیں اور سوجن اور ورم کو کم کرتی ہیں ۔ ان غذاؤں میں بروملین اور پیپین نامی اینزائمز پائے جاتے ہیں جوصحت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔
سبز رنگ کی سبزیاں بے پناہ فوائد کی حامل ہوتی ہیں ۔ ہرے پتوں والی سبزیوں کی افادیت سے کون واقف نہیں ۔ یہ وٹامنز ، منرلز ، فائبرز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو مدافعاتی نظام کو مضبوط بناتی ہیں ۔ یہ کیلوریز سے بھی بھرپور ہوتی ہیں لہٰذا کثیر مقدار میں توانائی فراہم کرتی ہیں اور کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں ۔
جامنی اور نیلے رنگ کی سبزیاں اور پھل جیسا کہ بینگن ، بلیو بیریز ، ایگ پلانٹ ، کرین بیریز وغیرہ اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل اور دماغ کی صحت کے لیے بے حد مفید ہیں ۔ یہ جسم پر سے سوجن اور ورم کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں ۔
سفید رنگ کی سبزیاں اگرچہ دوسری سبزیوں اور پھلوں کی طرح رنگوں سے بھرپور نہیں ہوتیں تاہم صحت کے لیے متعدد اعتبار سے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں ۔ کیلا ، گوبھی ، آلو ، پیاز اور لہسن وغیرہ کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے ، مختلف اقسام کے کینسر کے خلاف تحفظ فراہم کرنے اور جسم کی سوجن کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔