سعودی اسٹاک مارکیٹ : سرمایہ کاروں کو 14ارب ریال کا فائدہ
ڈیویڈنڈ کے اعلانات، الراجحی بینک نے 53.84فیصد بونس شیئرز دینے کا اعلان کردیا
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 171پوائنٹس کے مدو جزر کے بعد 52.89پوائنٹس کے اضافے کے بعد8612.84پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 14ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ قیمتوں میں اضافہ کے لحاظ سے یونائیٹڈ کوآپریٹو انشورنس کو فوقیت حاصل رہی۔ جس کی قیمت 11.03فیصد فروغ کے بعد 12.88ریال پر بند ہوئی جبکہ شرقیہ ڈیولپمنٹ کی قدر 7.66 اضافے کے بعد 54.80ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ کنگڈم ہولڈنگ کی قدر 7.23فیصد بڑھنے کے بعد 8.60ریال پر اور سعودی امریکی بینک جس نے 10فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہوا ہے کی قیمت 6.61 فیصد اضافے کے بعد 38.70ریال پر بند ہوئی۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 1.47فیصد فروغ کے بعد 124.60ریال پر پہنچ گئی۔ قیمتوں میں نقصانات کے لحاظ سے میفک رائٹ سب سے ٹاپ پر رہی جسکی قیمت 7.53فیصد کمی کے بعد7.49ریال تک گر گئی۔ امانہ انشورنس کی قدر 5.25فیصد تنزلی کے بعد 18.09 ریال تک گر گئی۔ نیشنل شپنگ کی قیمت 5.20فیصد گھٹنے کے بعد 30.10ریال تک گر گئی۔ اس مرتبہ پیٹرو رابغ کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ جسکی قدر 4.57فیصد کمی کے بعد 19.20ریال کے پرکشش لیول پر آگئی ہے۔ اس ہفتے بھی سالانہ مالیاتی نتائج کے ساتھ متعدد ڈیویڈنڈ کے اعلانات بھی سامنے آئے۔ سعودی سیمنٹ نے 17.50فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور بجٹ سعودی نے 15فیصد کیش تقسیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ مگر اس سال کا اب تک کا سب سے بہترین اعلان الراجحی بینک کا ہے جس نے 22.5فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان تو کیا ہی تھا اب اپنا سرمایہ 25ارب ریال تک بڑھانے کیلئے 53.84 فیصد بونس شیئرز تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔