سعودی عرب ، اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حق میں نہیں
ریاض۔۔۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی لیک ہونے والی خفیہ دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب، اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے حق میں نہیں۔ امریکی انتظامیہ کی طرف سے صدی کی ڈیل کا بھی وہ حامی نہیں۔ لیک ہونے والی دستاویز کے مطابق سعودی عرب امریکی انتظامیہ کی تجویز کی شدید مخالفت کررہا ہے۔ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت کے بغیر مملکت کسی بھی قسم کی تجویز کی حمایت نہیں کرتی۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے لیک ہونے والی یہ دستاویز وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو کے دعوﺅں کی تردید ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ اسرائیل سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والا ہے۔ یہ دستاویز ان دعوﺅں کی بھی تردید ہے جس میں سعودی عرب کے مخالفین کہہ رہے ہیں کہ مملکت صدی کی ڈیل کا حصہ ہے۔