آندھرا پردیش : گنٹور ریلی سے قبل سے مودی مخالف پوسٹرز نصب
امراوتی۔۔۔’’مشن 2019‘‘ کی تیاری میں مصروف وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے مختلف علاقوں میں لگاتار ریلیاں اور عوامی جلسے شروع کررکھے ہیں۔ شمال ،مغرب کے بعد وزیر اعظم کی نظر اب جنوبی ہند پر ہے۔اتوار کووہ آندھرا پردیش، تامل ناڈو اور کرناٹک میں عوامی ریلیاں اور جلسے کرینگے۔اس سے جنوبی ہند میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ وزیر اعظم کی ریلیوں سے قبل آندھرا پردیش کے کئی شہروں میں مودی مخالف پوسٹرز لگادیئے گئے۔ریاستی بی جے پی سمیت سیاسی بازاروں میں پوسٹرز کے معاملے میں کھلبلی مچ گئی۔بعض پوسٹرز پر تحریر ہے "نو مور مودی"،"مودی اِز اے مسٹیک" اور" مودی نیور اگین‘‘۔ایک پوسٹر میں تو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو وزیر اعظم مودی اور دیگر نیتاؤں پر تیرکمان سے نشانہ سادھ رہے ہیں۔واضح ہو کہ تلگو دیشم پارٹی ( ٹی ڈی پی ) کے این ڈی اے سے نکلنے کے بعد ریاست میں یہ وزیر اعظم مودی کا پہلا دورہ ہے۔ نائیڈو نے اس دورے کی مخالفت کا اعلان کررکھا ہے۔وزیر اعظم مودی آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور میں عوامی ریلی سے خطاب کرینگے۔چندرا بابو نائیڈو نے اپنے کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ وہ مودی کے دورے کے دوران ’’گاندھی وادی ‘‘مظاہرہ کریں۔وزیر اعظم کے دورے کے ساتھ ہی پارٹی ریاست میں انتخابی مہم کا آغازکریگی۔ ضلع انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ۔وزیر اعظم کی حفاظت پر مامورایس پی جی نے ریلی کے مقام کا باریک بینی سے معائنہ کیا ۔