’’وندے بھارت ایکسپریس ‘‘میں کھانا خریدنا لازمی؟
نئی دہلی۔۔۔دہلی سے وارانسی کے درمیان جلد سفر کا آغاز کرنیوالی وندے بھارت ایکسپریس ( ٹرین- 18) میں مسافروں کیلئے کھانالینا لازمی ہوگا جبکہ شتابدی ، راجدھانی اور دورنتو ایکسپریس ٹرینوں میں کھانا خریدنا مسافروں کی مرضی پر منحصر ہے۔افسران نے بتایا کہ اِس سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین میں پریاگ راج( الٰہ آباد) سے وارانسی تک سفرکرنیوالوں کو ٹکٹ خریدتے وقت کھانا لینے یا نہ لینے کی سہولت دی گئی ہے۔اگر اس دوران کھانا خریدتے ہیں تو ٹکٹ کے ساتھ کم از کم 50روپے مزید ادا کرنے ہونگے۔وزیر اعظم نریندر مودی 15فروری کو ہری جھنڈی دکھاکر ٹرین روانہ کرینگے۔انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن(آئی آر سی ٹی سی) نے 2017ء میں راجدھانی، شتابدی اور دورنتو میں مسافروں کی سہولت کیلئے کھانے اور ناشتے کی خدمات شروع کی تھی۔محکمہ کے افسر نے بتایا کہ ٹرین- 18میں سفر کرنیوالے مسافروں کی سہولت کیلئے مختلف اسٹیشنوں کے درمیان کیٹرنگ کے نرخ متعین کردیئے گئے ہیں جو مسافروں سے ٹکٹ کے ساتھ وصول کئے جائیں گے۔
٭ ٹرین- 18( وندے بھارت ایکسپریس) میں کھانوں کا خرچ؟
ٹرین- 18 (وندے بھارت ایکسپریس) نئی دہلی سے وارانسی 755کلومیٹر کی دوری 8گھنٹے میں طے کریگی۔اس دوران ایگزیکٹو کلاس میں سفر کرنیوالے مسافروں کو صبح کی چائے، ناشتے اور لنچ کیلئے 399روپے اور چیئر کلاس والوں کو344روپے ادا کرنے ہونگے۔دہلی سے کانپور اور الٰہ آباد کے درمیان سفر کرنیوالے مسافروں کو ایگزیکٹیو کلاس میں 155روپے اور چیئر کار میں 122روپے دینے ہونگے۔وارانسی سے دہلی کے سفر کے دوران مسافروں کوایگزیکٹیو کلاس میں 349روپے اور چیئر کلاس میں 288روپے کھانے کی مد میں ادا کرنے ہونگے ۔ انہیں شام کی چائے، اسنیک اور رات کا کھانا پیش کیا جائیگا۔