’’جس ٹیم پر وزیر اعظم کو اعتماد نہیں‘ اس پر عوام کیسے بھروسا کرے‘‘
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی دبئی میں عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ سے ملاقات اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین طے پائے سمجھوتے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ نے عوام کو مہنگائی سے بچانے اور معاشی استحکام کی خاطر 2015ء میں آئی ایم ایف پروگرام ختم کردیا تھا جبکہ عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جو خود کشکول لے کر آئی ایم ایف سے ملنے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب، ہم نہیں چاہتے آپ خودکشی کریں کیونکہ خودکشی حرام ہے مگر جھوٹ اور یوٹرن پر کم از کم معافی تو مانگیں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ن لیگ کے دور حکومت کے دوران ایک جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف میں جانے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے۔ ترجمان ن لیگ نے سوال کیا کہ چوروں کی طرح آئی ایم ایف سے خفیہ شرائط طے کرنے کے بجائے پارلیمان کو آگاہ کیوں نہیں کیا جارہا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نااہل حکومت نے اپنی نااہلی کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے ، جس ٹیم پر وزیراعظم کو خود اعتماد نہیں، اُس پر عوام کیسے اعتماد کرے ۔