پاکستان سپر لیگ 4کیلئے تمام تیاریاں مکمل
دبئی: پاکستان سپر لیگ 4 کا باقاعدہ آغاز 14 فروری کو دبئی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمدحفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سرفراز احمد، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔اس موقع پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز مالکان، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا۔ 3 سال میں پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا افتخار بن چکی ہے، اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے۔پی ایس ایل ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کے مستقبل کی عکاس ہے۔ کپتانوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور مقابلے دلچسپ ہوں گے ۔دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یو نائیٹڈکے نئے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ قیادت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دوسری بار ٹائٹل جتوانے میںکردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال انجری کی وجہ سے پریشانی ہوگئی تھی، جیت اور ہار اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔ دعا ہے پوری پی ایس ایل پاکستان میں کھیلی جائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری ٹیم ابھی تک پی ایس ایل نہیں جیت سکی تاہم 3 سال کے دوران ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی ،2 مرتبہ فائنل میں پہنچے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی اس مرتبہ پی ایس ایل ہم جیتیں۔ ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس پلے آف کے لئے ہم کوالیفائی نہیں کر سکے تاہم اس سال کوشش کریں گے۔ لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ہم نے غلطیوں سے سیکھا ہے، اس مرتبہ بھی ہم چیلنج قبول کرنے کو تیار ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے اورآخری نمبر پر رہنے کا داغ مٹانے کی کوشش کریں گے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی نظر آ رہی ہے۔ خاص طور پر لاہور قلندرز کا اسکواڈ مضبوط ہے لیکن ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔پوری کوشش ہوگی کہ پشاور زلمی ایک مرتبہ پھر چیمپیئن بن جائے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں